بنوں (بی بی سی) دہشتگردوں نے ایک بار پھر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناڈالا ، خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بم دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بنوں کے جنرل بس سٹینڈ پر پولیس موبائل کھڑی تھی کہ دہشتگردوں نے ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے اسے نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جسے پولیس موبائل کے قریب دھماکے سے اڑادیا گیا ۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کے نتیجے میں پولیس موبائل سمیت تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ قریبی دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے۔

This Post Has Been Viewed 3 Times