کراچی(بی بی سی  ) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ایشیا ویمن کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے لیے تیاریاں درست سمت میں جارہی ہیں، امید ہے کہ ایشیائی ایونٹ میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بسمہ نے کہا کہ فزیکل فٹنس پر محنت جاری ہے ، نئے کوچ کی آمد سے کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔پاکستان ویمن ٹیم مسلسل بہتر ہورہی ہے، دورہ سری لنکا میں ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے، یہ دورہ ٹیم کے لیے بہت سود مند ثابت ہوا، تاہم اب ایشیا کپ پر نظریں ہیں، اس حوالے سے ہمیں بہت محنت کی ضرورت ہے، کھیل کے مختلف شعبوں میں مزید بہتری کے مواقع موجود ہیں۔بسمہ نے کہا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ ٹیم کی خامیوں کو دور کرکے کھلاڑیوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، بورڈ کی طرف سے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بہتر بنانے کیلئے بہت زور ہے، عالمی معیار کے مطابق فٹنس پانے کے لیے کوشاں ہیں ، مگر اس کے لیے وقت درکار ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں قومی ویمن کپتان نے کہا کہ غیرملکی کوچ کے آجانے سے ویمن ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے اور لڑکیاں ان سے بہت خوش بھی ہیں اور سیکھنے کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری و ساری ہے، منگل سے شروع ہونے والا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ایشیا کپ کی تیاریوں میں معاون ثابت ہوگا۔اس موقع پر پاکستان ویمن ٹیم کے غیرملکی کوچ مارک کولز نے کہاکہ میں بہت خوش ہوں کہ پاکستان ویمن کرکٹرز بہت محنتی ہونے کے ساتھ جلد سیکھنے کی بھر پور صلاحیت بھی رکھتی ہیں، آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکنے والی ٹیم اب ایک نئے جوش اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور ٹیم میں تبدیلی آرہی ہے، پاکستان میں ہر کوئی کامیابی کا خواہشمند نظر آتا ہے۔

This Post Has Been Viewed 8 Times