کامونکے(بی بی سی )سوچی سمجھی سازشوں کے تحت مسلم لیگ(ن) کی قیادت کیخلاف سازشیں کی جارہی ہیں میاں نواز شریف نے جس دن کال دی کارکن سڑکوں پر نکلنے سے گریز نہیں کرینگے،ایم این اے رانا عمر نذیر احمد خاں اور ان کے والد رانا نذیر احمد خاں کا شمار میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے وہ پارٹی نہیں چھوڑ سکتے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی پارلیمانی سیکرٹری شازیہ سہیل میر نے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ ضلع گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری سرفراز احمد مغل کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر مسلم لیگ(ن) سٹی کامونکے کے صدر شیخ آصف بشیر پیٹالوی،جنرل سیکرٹری میاں یوسف حسن مغل،باؤ محمد منیر مغل،رانا عظیم خاں بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ مشکل وقت میں پارٹی چھوڑنے والے ملک وقوم کے بھی وفادار نہیں ہوسکتے ایسے لوگ عوام کی نظروں سے بھی گر جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارے قائد میاں نواز شریف نے ہمیں ہر قسم کے جلسے جلوسوں اور دھرنے سے منع کیا ہوا ہے اگر ہم بھی ایسا کرتے تو دھرنوں کے ذریعے ملک وقوم کا نقصان کرنیوالوں اور ہم میں کیا فرق رہ جاتا تاہم جب بھی میاں نواز شریف نے ہمیں کال دی بغیر کسی تاخیر کے سڑکوں پر نکلنے سے گریز نہیں کرینگے۔انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف محض ایک فرد کا نام نہیں یہ ایک نظریے اور فلسفے کا نام ہے جس کی بنیادیں پاکستانی عوام کی خدمت ، آئین کی سربلندی اور ووٹ کی حرمت پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں محمدنواز شریف جیسے رہنما اپنی جماعت اور اپنی عوام کی رہنمائی کیلئے کسی روایتی عہدے اور منصب کے مرہون منت نہیں ہوتے عدالتی فیصلوں کے باوجود میاں محمد نوازشریف کی جماعت ان کی رہنمائی میں ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر زندہ ہے اور زندہ رہے گی،مقامی ایم این اے رانا عمر نذیر احمد خاں کی مسلم لیگ(ن) چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے کی خبروں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رانا عمر نذیر احمد خاں اور ان کے والد کا شمار میاں نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے اور وہ کبھی ایسا فیصلہ نہیں کرینگے۔

This Post Has Been Viewed 2 Times