بہاولپور ( بی بی سی) وزیر اعظم نے اپنے آقاؤں شریفین کی طرح خطہ بہاولپور کو سخت افسردہ کیا ہے ۔بحالی صوبہ کی للکار سے جنوبی پنجاب صوبہ کی گٹار بجانے والے خانہ بدوش سیاستدان خود بخود ڈھیر ہو جائیں گے ۔ ان خیالا ت کا اظہار متحدہ تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے مرکزی صدر قاری مونس بلوچ دیگر عہدیداروں اور شہریوں سمیت ماہِ اپریل 1970ء ؁ کی تحریک کے دو شہیدوں حافظ شفیق اور عظیم خان داد پوترہ کی مرقدوں پر پھول چڑھاتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا بہاولپور کے غیور و محکوم عوام صوبہ بحالی کے معراج تک پہنچے بغیر چین بیٹھیں گے اور نہ ہی کسی مخالف قوت کو آرام کرنے دیں گے ۔قار ی مونس بلوچ نے کہا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بہاولپور کے نواحی علاقہ کا دورہ کے موقع پر محسن پاکستان نواب صادق محمد خان عباسی کے خطہ بہاولپور کے عوام اور ارکان اسمبلی کو ادھورا منصوبہ اور تختی پر تختی چڑھا کر اپنے سیاسی آقاؤں شریفین کی طرح سخت مایوس کیا ہے ۔انہوں نے کہا محسن پاکستان کے خطہ عباسیہ کے غیور عوام ایسی بھیانک سیاست کو ہر گز قبول کریں گے اور نہ ہی ایسے سیاسی آقاؤں کے پاؤں پنپنے دیں گے۔قاری مونس بلوچ نے کہا خانہ بدوش سیاستدانوں اور بعض سیاسی جماعتوں نے جنوبی پنجاب صوبہ دھول اڑا کر ملتا ن ،ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور کے عوام کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ڈیرہ بکھا اور عباس نگر کے قبرستانوں میں شہیدوں مرقدوں پر عہد کیا کہ وہ ان کے مشن و مشعل کو آگے بڑھانے کیلئے ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ اس موقع پر متحدہ تحریک بحالی صوبہ بہاولپور مقامی ، صوبائی اور مرکزی عہدیداروں نے شرکت کی ۔

This Post Has Been Viewed 10 Times