آگرہ(بی بی سی )  بھارت کے شہر آگرہ میں گذشتہ رات ہونے والی تیز بارش اور آندھی کے باعث تاج محل کو بھی نقصان پہنچا اور مرکزی دروازے کا 12 فٹ بلند مینار گر گیا۔این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق 100 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں سے تاج محل کے مرکزی گیٹ ‘دروازہ روزہ’ کا مینار نیچے آ گرا اور اس کا گنبد کئی ٹکڑوں میں بٹ گیا۔رپورٹس کے مطابق تاج محل کے جنوبی دروازے کے مینار کو بھی نقصان پہنچا۔اس سے قبل 2016 میں بھی تاج محل کا ایک مینار متاثر ہوا تھا۔واضح رہے کہ آرکیالوجیکل سوسائٹی آف انڈیا (اے ایس آئی) نے رواں برس جنوری میں اپنی ایک تحقیق کے بعد کہا تھا کہ آگرہ میں آلودگی کی بڑھتی ہوئی شرح کے باعث تاج محل کی خوبصورتی اور اس کا اسٹرکچر متاثر ہو رہا ہے۔دوسری جانب اے ایس آئی نے وقف بورڈ سے تاج محل کی ملکیت واپس لینے کے حوالے سے  سپریم کورٹ سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔گذشتہ روز بھارتی سپریم کورٹ نے اتر پردیش کے سنی وقف بورڈ سے وہ دستاویزات طلب کی تھیں، جن پر مغل بادشاہ شاہ جہاں کے دستخط موجود ہیں اور جن کے مطابق یہ عمارت ان کی ملکیت ہے۔یاد رہے کہ تاج محل کو مغل بادشاہ شاہ جہاں نے اپنی ایک بیوی ممتاز کی آخری آرام گاہ کے طور پر بنایا تھا۔

This Post Has Been Viewed 3 Times