لاہور(بی بی سی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو صحرا میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے، اس سے پہلے کہ بھارت کی آبی جارحیت کی وجہ سے پاکستان صحرا میں تبدیل ہوجائے حکومت بھارتی عزائم کو ناکام بنانے کی تدبیر کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو آگے بڑھ کر کشمیریوں کی مکمل سرپرستی کرنی چاہئے، پاکستانی سفارتخانوں میں علیحدہ کشمیر ڈیسک قائم کیے جائیں۔تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے، کشمیر پاکستان کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کشمیری عوام میدان میں نکل آئی ہے، کشمیری روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، عالمی ادارے کشمیر میں قتل عام رکوانے کے لیے کچھ نہیں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حریت رہنما اشرف صحرائی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، سید علی گیلانی کی آزادی کشمیر کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت اندرونی مسائل کی وجہ سے کشمیر کی تحریک پر توجہ نہیں دے رہی جبکہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو کشمیر کے معاملے پر معذرت خواہانہ رویہ چھوڑنا اور بھارت کے ساتھ دوستی کے فریب سے باہر نکلنا ہوگا۔

This Post Has Been Viewed 1 Times