جودھ پور(بی بی سی ) نایاب کالے ہرن شکار کے کیس میں سزا یافتہ سلمان خان کو ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رویندرا کمار کھتری نے سلمان خان کی جانب سے دائر درخواست پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی۔ قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد دبنگ خان کو جیل سے رہا کردیا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج رویندرا کمار نے سلمان خان کی ضمانت کی درخواست منظور کی جب کہ انہیں 25، 25 ہزار روپے کے 2 مچلکے عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا۔سلمان خان کو دو روز قبل نایاب کالے ہرن کے شکار کیس میں مجسٹریٹ عدالت کے جج دیو کمار کھتری نے سزا سنائی تھی جب کہ جودھ پور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رویندرا کمار جوشی نے گزشتہ روز سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ایک دن کیلئے ملتوی کردی تھی۔دوسری جانب راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سےسلمان خان کو جیل بھیجنے والے مجسٹریٹ عدالت کے جج دیو کمار کھتری اور ان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرنے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنجج رویندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججوں کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ معمول کی کارروائی ہے، ہر سال 15 سے 30 اپریل تک ججز کے تبادلے کیے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ  بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو دوروز قبل 19 سال پرانے نایاب کالے ہرن شکار کے کیس میں بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کی مقامی عدالت نے قصوروارٹہراتے ہوئے 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزاسنائی تھی۔

This Post Has Been Viewed 2 Times