اسلام آباد ( عباس ملک سے ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور قبضے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جائے گا۔کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر سمیت ملک بھرمیں آج ریلیاں نکالی جائیں گی اور کئی ممالک میں یوم یکجہتی کشمیر جوش وخروش سے منایا جائے گا جب کہ پاکستان میں سرکاری تعطیل ہوگی، تمام سرکاری، نیم سرکاری، نجی ادارے اور بازار بند رہیں گے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہرسال کی طرح کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، آزاد کشمیر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی جائے گی۔پاکستان بھر میں مختلف سیاسی اورمذہبی جماعتوں سمیت مختلف تنظیموں کی طرف سے مظاہرے، ریلیاں، سیمینارز اور دوسری تقریبات منعقد ہوں گی جب کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق خصوصی دستاویزی فلمیں دکھائی جائیں گی۔پنجاب اسمبلی میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوگا، کئی ممالک میں پاکستانی ہائی کمیشنز میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا، کشمیریوں کے حق خودارادیت اور بھارتی فوج کے ظلم وستم پر روشنی ڈالی جائے گی جب کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر اور پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرے ہوں گے۔

This Post Has Been Viewed 7 Times