اسلام آباد (بی بی سی ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے قصور میں زیادتی کا شکار ہونے والی معصوم بچی کائنات بتول کا علاج شوکت خانم ہسپتال میں کروانے کی پیش کش کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے قصور میں زیادتی کا شکار ہو جانے والی کائنات بتول نامی بچی کے کیس پر ردعمل دیا ہے۔ 6 سالہ معصوم کائنات بتول کو بھی ایک جنسی درندے کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔تاہم معجزانہ طور پر کائنات موت کی وادی میں جانے سے بچ گئی۔ کائنات موت کی وادی میں جانے سے تو بچ گئی تاہم اس واقعے کے بعد سے شدید بیمار اور ذہنی صدمے سے دوچار ہے۔ کائنات اس وقت لاہور کے ایک سرکاری ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ کائنات کے حوالے سے معروف اداکارہ نادیہ جمیل نے سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی تھی جس کے بعد عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے۔عمران خان نے کائنات کا علاج شوکت خانم ہسپتال میں کروانے کی پیش کش کی ہے۔ عمران خان نے اس سلسلے میں جلد اداکارہ نادیہ جمیل سے رابطہ کرکے کائنات کے علاج کیلئے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

This Post Has Been Viewed 5 Times