ڈیرہ الہٰ یار: امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور شہباز شریف ایک دوسرے کا جعلی مقابلہ کررہےہیں،کہتے ہیں کہ تیر اور شیر کا مقابلہ ہے، یہ شیر نہیں بلی ہے۔ نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ الہٰ یار میں جلسے سے خطاب کرتےہوئے ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کا سورج غریب عوام کے لیے خوشی کا پیغام لائے گا، اب دو پاکستان نہیں ایک پاکستان بنے گا، ہم انقلاب لانا چاہتے ہیں، تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔سرداروں نے منتخب ہونے کے بعد اپنی دنیا بنائی، عوام کے مستقبل کو تاریک بنایا گیا، یہاں سڑکوں پر کھنڈرات نما گڑھے ثبوت ہیں کہ یہاں کے سرداروں نے اپنی پراپرٹی میں اضافہ کیا۔ امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کو اللّٰہ نے ہر قسم کی نعمتوں سے نوازا ہے، عبدالمجید بادینی کی صورت میں قیادت سامنے آئی جس نے 28 سال عوام کی خدمت کی۔عبدالمجید بادینی نے اپنے بچوں کی طرح اس شہر کے بچوں سے پیار کیا، ہم یہاں کے غریب عوام کے لیے ایک ہسپتال بنا رہے ہیں، یہاں کے عوام اپنے حق سے محروم ہیں، نہ انہیں انصاف ملتا ہے، نہ ہی روزگار ملتا ہے۔ سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعتِ اسلامی حکومت کے بغیر بھی 28 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی پرورش کر رہی ہے، ان حکمرانوں نے آپ کی جیب پر ڈاکا ڈالا ہے، انہیں جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں۔