ملتان (صفدربخاری سے) ڈائریکٹر جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کسٹمز (آئی اینڈ آئی) فیض احمد چدھڑ کی ہدایت پر کسٹم آئی اینڈ آئی ملتان نے ماہ جولائی کے دوران سمگلروں کے خلاف 33 مختلف کاروائیوں میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں اور کروڑوں روپے مالیت کا دیگر متفرق سامان ضبط کرلیا ہے ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی ملتان ریجن آصف عباس خان کی نگرانی میں کسٹم آئی اینڈ آئی کی ٹیموں نے ماہ جولائی کے دوران سمگلروں کے خلاف ملتان ریجن کے مختلف شہروں کے داخلی و خارجی پوائنٹس پر  کامیاب کاروائیاں کرتے ہوئے 20 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ گاڑیوں سمیت متفرق ممنوعہ و غیر قانونی سامان کسٹم ایکٹ 1969ء کے تحت ضبط کرلیا ہے ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی گاڑیوں میں سوئفٹ کار، وٹز کار اور کیا کار شامل ہیں جبکہ متفرق سامان میں چھالیہ، خشک ملک، شاپنگ بیگ، بھاری مقدار میں ایرانی ڈیزل، جوسز، گٹکا، بادام، چائنا نمک، ٹائرز اور کپڑے کی بڑی کھیپ شامل ہے ضبط کیئے گئے سامان کی مالیت 20 کروڑ 70 لاکھ روپے بتائی گئی ہے ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی آصف عباس خان کے مطابق محکمہ کی جانب سے سمگلروں کی سرکوبی اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیئے ہماری ٹیمیں پرعزم ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سمگلنگ ملکی معیشت اور مقامی صنعت کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے کسٹم آئی اینڈ آئی ملتان ریجن سمگلروں کی حوصلہ شکنی کے لیئے اپنی کاروائیاں نہ صرف جاری رکھے گی بلکہ ان میں مزید تیزی لائے گی،