ملتان ، کراچی : نواسہ رسولؓ جگر گوشہ بتولؓ جنت میں نوجوانوں کے سردار حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے رفقا کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں جگہ جگہ یوم عاشور کے جلوس نکالے گئے جو بعداز مغرب ختم ہوگئے۔ ملک بھرکی طرح ملتان ، کراچی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔ کراچی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا۔ جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح 8 بجے نشترپارک میں منعقد ہوئی، جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس عزا کے اختتام پر بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر ختم ہوا۔

ملتان سے ہمارے بیوروچیف صفدربخاری کے مطابق ملتان میں یوم عاشور کے تمام جلوس، مجالس پر امن طریقے سے اختتام پزیر ہوگئیں ملتان ڈویژن میں یوم عاشور پر 284 ماتمی جلوس نکالے گئے۔ اے کیٹگری کے 56, بی کیٹگری کے 109, سی کیٹگری کے 119 ماتمی جلوس نکالے گئے۔174 مجالس اپنے وقت پر اختتام پذیر ہوئیں۔ اے کیٹگری کی32, بی 85,سی کی 57 مجالس کا پر امن انعقاد کیا گیا۔